چین کی 132 ارب ڈالر کی گرین ٹیکنالوجی معاونت، پاکستان نے بھی 17 گیگاواٹ سولر پینلز درآمد کرلیے
چین کی ماحول دوست ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری نے عالمی توانائی کے شعبے میں نمایاں تبدیلی پیدا کردی ہے۔ گزشتہ سال ترقی پذیر ممالک کو چین کی جانب سے فراہم کی جانے والی کلین ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت 132 ارب ڈالر رہی، جو امیر ممالک کی جانب سے 2024 میں فراہم کردہ 137 ارب ڈالر کی موسمیاتی مالی معاونت کے قریب ہے۔ اس دوران پاکستان بھی 17 گیگاواٹ سولر پینلز درآمد کرچکا ہے۔
چین کی بھاری سرکاری سبسڈیز کے نتیجے میں گرین مینوفیکچرنگ کی صنعت نے تیزی سے ترقی کی ہے۔ شمسی پینلز، بیٹریوں، الیکٹرک گاڑیوں اور ونڈ ٹربائنز کی عالمی منڈی میں چین نے نمایاں مقام حاصل کرلیا ہے، جس سے ترقی پذیر ممالک میں ماحول دوست توانائی کے منصوبوں کو فروغ مل رہا ہے۔
چین کی یہ معاونت عالمی موسمیاتی مالیاتی نظام کے لیے بھی اہم پیشرفت سمجھی جا رہی ہے۔ تاہم چین دنیا میں گرین ٹیکنالوجی کی پیداوار اور برآمدات میں نمایاں مقام رکھنے کے باوجود مجموعی گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کے حوالے سے بھی سب سے آگے ہے۔ اس کی بڑی وجوہات میں وسیع آبادی، صنعتی سرگرمیاں اور بجلی کی پیداوار کے لیے کوئلے پر انحصار شامل ہیں۔
چین کی جانب سے ترقی پذیر ممالک کو فراہم کی جانے والی 132 ارب ڈالر کی مجموعی معاونت میں تقریباً 40 ارب ڈالر براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری پر مشتمل ہیں، جو کلین ٹیکنالوجی سے متعلق منصوبوں میں کی گئی۔ یہ اعدادوشمار لندن اسکول آف اکنامکس کے محققین میتھیاس لارسن اور شیاؤکانگ ژو نے مرتب کیے ہیں۔
اس طرح چین کی معاونت کا حجم امیر ممالک کی جانب سے 2024 میں فراہم کردہ 137 ارب ڈالر کی موسمیاتی مالی معاونت کے قریب پہنچ گیا ہے۔ یہ اعدادوشمار اقتصادی تعاون و ترقی کی تنظیم کے تازہ ترین دستیاب ڈیٹا پر مبنی ہیں۔
تاہم دونوں اعدادوشمار کا براہِ راست موازنہ مکمل طور پر درست نہیں، کیونکہ چین کی معاونت میں بڑی مقدار تجارتی لین دین اور کلین انرجی منصوبوں میں سرمایہ کاری کی ہے، جبکہ امیر ممالک کی موسمیاتی مالی معاونت میں زرعی شعبے کو موسمیاتی تبدیلیوں سے محفوظ بنانے، سیلاب اور طوفانوں سے ہونے والے نقصانات کی بحالی اور دیگر ماحولیاتی منصوبے بھی شامل ہوتے ہیں۔
اس کے باوجود یہ اعدادوشمار ظاہر کرتے ہیں کہ چین کی صنعتی اور ٹیکنالوجی کی ترقی ترقی پذیر ممالک میں توانائی کے نظام کو تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔