وزیراعظم شہباز شریف نے پنجاب میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی اعتماد پر پورا اترنے کے لیے خدمت، ترقی اور خوش حالی کا سفر مزید تیز کیا جائے گا۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے ضمنی انتخاب میں کامیابی پر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار محمد اسد حنیف کو مبارک باد دی اور کہا کہ انتخابی نتائج عوام کی جانب سے پارٹی قیادت اور حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ عوام نے ترقی، خوش حالی اور عوامی خدمت کے ایجنڈے پر اعتماد کیا ہے۔ یہ کامیابی مسلم لیگ (ن) کی قیادت، کارکنوں اور عوام کی مشترکہ جدوجہد کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے ضمنی انتخابات کے پُرامن انعقاد پر متعلقہ اداروں اور الیکشن کمیشن کی کاوشوں کو بھی سراہا اور کہا کہ عوامی اعتماد پر پورا اترنے کے لیے خدمت اور ترقی کا سفر مزید تیز کیا جائے گا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی قومی اور صوبائی اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی کامیابی پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 77 گوجرانوالہ سے راشد بشیر وڑائچ اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 203 چیچہ وطنی سے اسد حنیف کو مبارک باد دی۔
مریم نواز نے کہا کہ دونوں امیدواروں کی کامیابی مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت اور عوامی اعتماد کا ثبوت ہے۔ گوجرانوالہ اور چیچہ وطنی کے عوام نے پارٹی کے حق میں فیصلہ دے کر خدمت کی سیاست کو سراہا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عوام نے ایک بار پھر مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، جو پارٹی کے لیے حوصلہ افزا ہے۔