تازہ ترین

ملک بھر میں شاعرِ مشرق علامہ اقبال کا 149واں یومِ ولادت منایا جا رہا ہے

0

شاعرِ مشرق اور مفکرِ پاکستان علامہ محمد اقبال کا 149واں یومِ ولادت آج ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہے جبکہ مختلف شہروں میں تقریبات، سیمینارز اور دیگر خصوصی پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔

علامہ محمد اقبال 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم اپنے آبائی شہر اور لاہور سے حاصل کی، بعد ازاں اعلیٰ تعلیم کے لیے یورپ گئے جہاں برطانیہ سے وکالت اور جرمنی سے فلسفے میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔

علامہ اقبال بیسویں صدی کے عظیم شاعر، فلسفی، مصنف، قانون دان اور سیاست دان تھے۔ انہوں نے اپنی شاعری اور فکر کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں سیاسی شعور بیدار کیا اور انہیں اپنی جداگانہ قومی شناخت کا احساس دلایا۔ ان کا تصورِ پاکستان تحریکِ پاکستان کی فکری بنیادوں میں اہم حیثیت رکھتا ہے۔

علامہ اقبال کو نوجوان نسل سے خصوصی امیدیں وابستہ تھیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو شاہین سے تشبیہ دیتے ہوئے خودی، خود اعتمادی، بلند نظری اور مسلسل جدوجہد کا درس دیا۔ ان کے معروف شعری مجموعوں میں بانگِ درا، زبورِ عجم، بالِ جبریل، ضربِ کلیم، جاوید نامہ اور پیامِ مشرق شامل ہیں۔

علامہ محمد اقبال 21 اپریل 1938 کو لاہور میں وفات پا گئے۔ انہیں بادشاہی مسجد کے پہلو میں سپردِ خاک کیا گیا۔

یومِ اقبال کے موقع پر لاہور میں مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی پاکستان نیوی کے اسٹیشن کمانڈر لاہور کموڈور مصباح الامین تھے۔

تقریب میں پاکستان رینجرز اور پاک بحریہ کے دستوں کا معائنہ کیا گیا، جبکہ پاکستان رینجرز پنجاب کا دستہ اپنے فرائض سے سبکدوش ہو گیا۔ گارڈز کی تعیناتی کے بعد چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، پاک بحریہ کے افسران، سیلرز اور سویلین ملازمین کی جانب سے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔ کموڈور مصباح الامین نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ اقبال کے موقع پر اپنے پیغام میں علامہ محمد اقبال کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اقبال نے مسلمانوں میں سیاسی شعور بیدار کیا اور انہیں جداگانہ قومی شناخت کا احساس دلایا، جس نے تحریکِ پاکستان اور حصولِ وطن کی جدوجہد میں کلیدی کردار ادا کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ علامہ اقبال کے افکار نوجوانوں اور آنے والی نسلوں کی ذہنی و فکری بالیدگی کا اہم ذریعہ ہیں۔ ان کا تصورِ خودی افراد اور اقوام کو خود شناسی، بامقصد جدوجہد اور روحانی آزادی کا درس دیتا ہے، جبکہ تصورِ شاہین نوجوانوں کو جرأت، خودمختاری اور بلند مقاصد کے حصول کی ترغیب دیتا ہے۔

شہباز شریف نے اعلان کیا کہ حکومت علامہ اقبال کی 150ویں سالگرہ کی تقریبات 9 نومبر 2026 سے 9 نومبر 2027 تک قومی اور بین الاقوامی سطح پر منائے گی۔ اس سلسلے میں بین الاقوامی کانفرنسیں، علمی و تحقیقی مذاکرے، ادبی میلے، نمائشیں، تعلیمی مقابلے اور ثقافتی سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔

وزیراعظم کے مطابق ان تقریبات کا مقصد فکرِ اقبال کو نئی نسل تک منتقل کرنا اور اسے تعلیمی اداروں، قومی مباحث اور ملکی ترقی کی ترجیحات میں نمایاں مقام دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقبال کا پیغام امن، سماجی ہم آہنگی، رواداری، انصاف، مسلم اتحاد اور پُرامن بقائے باہمی کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.