اسلام آباد: ملک میں سیاسی تبدیلیوں اور ممکنہ نئے حکومتی سیٹ اَپ سے متعلق بحث کے دوران وزیر دفاع خواجہ آصف نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب میں کرپشن کے الزامات کو بنیاد بنا کر موجودہ حکومت کو بدنام کرنے اور ایک نئی سیاسی ٹیم متعارف کرانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
ایک ٹی وی انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بعض عناصر موجودہ حکومتی قیادت کی ساکھ متاثر کرکے اس کی جگہ نئی ٹیم پیش کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے پیچھے کون لوگ سرگرم ہیں، اس حوالے سے وہ مزید تفصیلات آف کیمرہ بتا سکتے ہیں۔
وزیر دفاع نے اپنے سیاسی اندازے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بعض سرمایہ دار اور کاروباری شخصیات بھی گزشتہ 6 سے 10 ماہ کے دوران اس معاملے میں خاصی سرگرم رہی ہیں۔
خواجہ آصف نے ان عناصر کا موازنہ امریکی خانہ جنگی کے بعد سرگرم ہونے والے کارپٹ بیگرز سے کرتے ہوئے کہا کہ ایسے لوگ سیاسی بحران کے امکانات دیکھ کر اپنے مفادات کے حصول کے لیے میدان میں اتر آتے ہیں۔
ان کے مطابق بعض افراد سیاسی حالات میں تبدیلی کا امکان محسوس ہوتے ہی اپنا سامان سمیٹ کر نئی صورتحال سے فائدہ اٹھانے کی تیاری شروع کردیتے ہیں۔