ٹرمپ ایران کے خلاف جنگ کے اگلے مرحلے کی تیاری کر رہے ہیں، باقر قالیباف
تہران: ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے خلاف جنگ کے اگلے مرحلے کی تیاری کر رہے ہیں اور امریکی قیادت شکست کے باوجود پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔
جے ڈی وینس کے سوشل میڈیا بیان پر ردعمل دیتے ہوئے باقر قالیباف نے کہا کہ امریکا اسرائیل کو اولین ترجیح دینے کی پالیسی کے باعث تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔
انہوں نے امریکی نائب صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ طویل بیانات دینے کے بجائے انہیں اپنے صدر کو سمجھانا چاہیے۔
دوسری جانب امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے مڈٹرم انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ انتخابی نتائج غیر متوقع تھے اور پارٹی کو شدید دھچکا لگا ہے۔
جے ڈی وینس کے مطابق ایران جنگ، اسرائیل کے ساتھ تعلقات اور مہنگائی بھی انتخابی شکست کی وجوہات میں شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کو اس ناکامی کے بعد اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرنا ہوگی۔
امریکی نائب صدر نے کہا کہ انتخابی ناکامی کی ذمہ داری صرف ووٹرز کے کم ٹرن آؤٹ پر ڈالنا درست نہیں، کیونکہ ٹرمپ کے سابق حامیوں کی ناراضی بھی شکست کی ایک اہم وجہ ہے۔
ریپبلکن پارٹی کی انتخابی شکست کے بعد پارٹی کے اندر پالیسیوں اور قیادت کے فیصلوں پر نئی بحث شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔