تازہ ترین

شہریوں کے جان و مال کا تحفظ انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، سائرہ عطاء

0

لسبیلہ: کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطاء نے افغان مہاجرین کی واپسی، انتظامی امور اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی نشاندہی کے لیے انٹیلی جنس کی بنیاد پر نگرانی مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی ہے۔

اس سلسلے میں کمشنر لسبیلہ کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس لسبیلہ ڈویژن، ڈپٹی کمشنر ضلع لسبیلہ اور ایس پی لسبیلہ نے شرکت کی۔

اجلاس میں ڈویژن کے مختلف علاقوں میں مقیم افغان مہاجرین کی مجموعی تعداد، موجودہ رہائش گاہوں، رجسٹریشن اور قانونی حیثیت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی نشاندہی کے لیے نگرانی کا نظام بہتر بنایا جائے اور وفاقی و صوبائی حکومت کی پالیسی اور متعلقہ ہدایات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

اجلاس میں ڈویژن کے مختلف علاقوں، خصوصاً حب اور آر سی ڈی شاہراہ پر امن و امان کی صورتحال اور سکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر پولیس چیکنگ مؤثر بنانے، متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری بہتر کرنے اور انتظامی و سکیورٹی اقدامات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر سائرہ عطاء نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کا قیام انتظامیہ کی اولین ترجیح ہونا چاہیے۔

انہوں نے واضح کیا کہ غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف حکومتی پالیسی اور قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی کی جائے، جبکہ تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطہ کاری کو مزید مضبوط بنائیں تاکہ سرکاری ہدایات پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جاسکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.