قلعہ عبداللہ: قلعہ عبداللہ میں جاری دھرنے کے خاتمے اور مظاہرین کے مطالبات پر پیشرفت کے لیے حکومتی وفد نے رات گئے ایک بار پھر دھرنا کمیٹی سے مذاکرات کیے اور صورتحال کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ حکومتی وفد میں صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو، صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، ایم پی اے اسفندیار کاکڑ، رکن صوبائی اسمبلی زمرک خان اچکزئی اور معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی شامل تھے۔ مذاکرات کے دوران وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے بتایا کہ انتظامیہ کی کوششوں سے مغوی نوجوان حیدر خان کو بازیاب کرالیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی خود تمام صورتحال کا جائزہ لیتے رہے ہیں۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ احتجاج کرنا جمہوری معاشرے میں ہر شہری کا حق ہے۔ حکومت دھرنا شرکاء کو یقین دلاتی ہے کہ ان کے مطالبات پر عملدرآمد کے لیے انتظامیہ کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف سب کو مل کر حکومت اور ریاست کا ساتھ دینا ہوگا۔ ان کے مطابق وہ قومیں جنگوں میں کامیابی حاصل کرتی ہیں جو اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ متحد ہوکر کھڑی ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی وفد کا بار بار دھرنے میں آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت معاملے کو سنجیدگی سے لے رہی ہے۔
تازہ ترین