تازہ ترین

وسائل کی کمی باصلاحیت بچوں کی ترقی میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے، سرفراز بگٹی

0

کوئٹہ: بلوچستان کے کم سن شطرنج کھلاڑی عبدالرحمٰن کی غیر معمولی صلاحیتوں کو حکومتی سطح پر سراہتے ہوئے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے ان کی حوصلہ افزائی کے ساتھ والد کو ملازمت فراہم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے کم سن شطرنج ماسٹر عبدالرحمٰن نے ملاقات کی، اس موقع پر دونوں کے درمیان شطرنج کا دوستانہ مقابلہ بھی ہوا۔ وزیراعلیٰ نے بچے کی ذہانت، صلاحیتوں اور کھیل میں مہارت کو سراہتے ہوئے انہیں تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد انعام دیا۔

ملاقات کے دوران معلوم ہوا کہ عبدالرحمٰن کا تعلق کوئٹہ کے ایک غریب گھرانے سے ہے اور ان کے والد بے روزگار ہیں۔ وزیراعلیٰ نے بچے کی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ خاندان کی معاشی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے ان کے والد کو ملازمت فراہم کرنے کا اعلان کیا۔

اس موقع پر میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ شطرنج جیسے ذہنی کھیل بچوں اور نوجوانوں میں غور و فکر، حکمت عملی، صبر و تحمل اور بروقت فیصلہ سازی کی صلاحیتوں کو فروغ دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے بچوں میں غیر معمولی صلاحیتیں موجود ہیں، جنہیں مناسب مواقع اور سرپرستی فراہم کرکے قومی اور بین الاقوامی سطح پر متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت باصلاحیت بچوں کی حوصلہ افزائی اور ان کی صلاحیتوں کو آگے بڑھانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وسائل کی کمی کسی باصلاحیت بچے کی ترقی اور کامیابی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دی جائے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.