تازہ ترین

وزیراعظم شہباز شریف اور حافظ نعیم الرحمٰن کی متوقع ملاقات، پیٹرولیم لیوی پر بات ہوگی

0

پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات اہم مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف اور جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن کے درمیان متوقع ملاقات میں عوام کو ریلیف دینے کے معاملے پر بات چیت ہوگی۔

حکومتی ذرائع کے مطابق متوقع ملاقات میں پیٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے سے متعلق امور زیرِ غور آئیں گے۔ جماعت اسلامی حکومت سے مطالبہ کرے گی کہ پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر واضح اور ٹھوس ریلیف فراہم کیا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے واضح ریلیف نہ ملنے کی صورت میں جماعت اسلامی نے اپنا لانگ مارچ دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے فیصلہ جماعت اسلامی کی مرکزی قیادت کے اجلاس میں کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی کا لانگ مارچ اکتوبر کے آخری ہفتے یا نومبر کے پہلے ہفتے میں شروع کیا جاسکتا ہے۔ جماعت اسلامی کا مؤقف ہے کہ حکومت کی جانب سے ٹھوس اور واضح ریلیف ملنے کی صورت میں ہی مذاکرات کا سلسلہ آگے بڑھایا جائے گا۔

حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان متوقع ملاقات کو پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر آئندہ حکمتِ عملی کے حوالے سے اہم قرار دیا جارہا ہے، تاہم ملاقات کے حتمی شیڈول اور مذاکرات کے نتائج کے بارے میں باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.