اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاک بحریہ کی نئی آبدوز ہنگور کی پہلی کامیاب لائیو ویپن فائرنگ کو ملکی بحری دفاعی صلاحیتوں میں اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے پاک بحریہ کے افسران، جوانوں اور پوری قوم کو مبارکباد دی ہے۔
سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آبدوز ہنگور کی کامیاب لائیو ویپن فائرنگ پاک بحریہ کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت، جدید جنگی صلاحیتوں اور مضبوط آپریشنل تیاری کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ ملکی سمندری حدود کے دفاع اور قومی مفادات کے تحفظ میں ہمیشہ اہم کردار ادا کرتی رہی ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف کی قیادت میں پاک بحریہ کی آپریشنل استعداد بڑھانے اور بحری دفاع کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی کوششوں کو سراہا۔
سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی اور جنگی نظام سے لیس آبدوز ہنگور پاکستان کی بحری دفاعی قوت میں اہم اضافہ ہے۔ انہوں نے پاکستان اور چین کے دفاعی و تکنیکی تعاون کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ اس تعاون سے پاکستان کی دفاعی استعداد میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کے پیشہ ورانہ عزم اور قومی دفاع کے لیے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کی صلاحیتوں اور وطن کے دفاع کے لیے ان کے عزم پر فخر کرتی ہے۔