تازہ ترین

پاکستان میں سونے کی قیمت میں نمایاں کمی، فی تولہ 3 لاکھ 79 ہزار 836 روپے ہوگیا

0

پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں نومبر کے دوران کمی کا رجحان جاری ہے، جس کے نتیجے میں 21 نومبر 2026 کو 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت کم ہوکر 3 لاکھ 79 ہزار 836 روپے ہوگئی، جبکہ 10 گرام سونا 3 لاکھ 25 ہزار 648 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

بلین مارکیٹ کے تازہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ کاروباری سیشن میں کمی کے بعد پاکستان میں سونے کی قیمتیں نئی سطح پر آگئیں۔ عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

دستیاب اعدادوشمار کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 154 ڈالر کمی کے بعد 3 ہزار 573 ڈالر فی اونس پر آگئی۔

عالمی مالیاتی اداروں کی پیش گوئیوں کے مطابق سونے کی قیمت 2027 کے اختتام تک 6 ہزار 300 ڈالر فی اونس تک پہنچ سکتی ہے، اگرچہ حالیہ کاروباری سیشنز میں اس کی قیمت میں کمی دیکھی گئی ہے۔

جے پی مورگن نے سب سے زیادہ بلند ہدف مقرر کرتے ہوئے پیش گوئی کی ہے کہ 2027 کی چوتھی سہ ماہی یا سال کے اختتام تک سونا 6 ہزار 300 ڈالر فی اونس تک پہنچ سکتا ہے۔ ادارے کے مطابق جغرافیائی سیاسی کشیدگی اور مالیاتی پالیسی میں متوقع نرمی اس اضافے کی اہم وجوہات ہوسکتی ہیں۔

یو بی ایس نے ستمبر 2027 تک سونے کی قیمت 5 ہزار 400 ڈالر فی اونس تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ادارے کے مطابق مرکزی بینکوں کے ذخائر میں تنوع اور حکومتوں کے بڑھتے ہوئے قرضے سونے کی طلب میں اضافے کا سبب بن سکتے ہیں۔

ویلز فارگو نے 2027 کے اختتام تک سونے کی قیمت 5 ہزار 200 سے 5 ہزار 400 ڈالر فی اونس کے درمیان رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

بینک آف امریکا کے مطابق 2027 میں سونے کی اوسط قیمت 4 ہزار 813 ڈالر فی اونس رہ سکتی ہے، جبکہ گولڈمین سیکس نے اپنے سابقہ 5 ہزار 400 ڈالر کے ہدف پر نظرثانی کرتے ہوئے سال کے اختتام تک قیمت 4 ہزار 800 ڈالر مقرر کی ہے۔

گولڈمین سیکس کے مطابق مرکزی بینکوں کی جانب سے ماہانہ تقریباً 60 ٹن سونے کی خریداری اور 2027 کے آخری حصے میں امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں ممکنہ کمی قیمتوں پر اثرانداز ہوسکتی ہے۔

دریں اثنا، رائٹرز کے 30 مالیاتی تجزیہ کاروں کی پیش گوئیوں پر مبنی سروے میں 2027 کے دوران سونے کی اوسط قیمت 4 ہزار 650 ڈالر فی اونس رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.