اسرائیلی اپوزیشن کو پارلیمنٹ میں برتری حاصل، نیتن یاہو حکومت کو بڑا سیاسی دھچک
اسرائیل میں سیاسی صورتحال ایک بار پھر تبدیل ہوتی دکھائی دے رہی ہے، جہاں اپوزیشن رہنما گادی آئزن کوٹ نے وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کو وزارت عظمیٰ سے ہٹانے کا اعلان کردیا ہے، جبکہ پارلیمنٹ میں نئے اسپیکر کے انتخاب میں اپوزیشن اتحاد نے حکمراں جماعت کو شکست دے دی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق اسرائیلی پارلیمنٹ کنیسٹ میں ہونے والے اسپیکر کے انتخاب میں اپوزیشن اتحاد کے امیدوار متان کہانا نے 66 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی، جبکہ نیتن یاہو کی جماعت لیکوڈ کے امیدوار اوفیر کاٹز کو 52 ووٹ ملے۔
اس انتخابی نتیجے کے بعد نیتن یاہو کے قریبی ساتھی امیر اوہانا اسپیکر کے عہدے سے محروم ہوگئے ہیں، جسے حکمراں جماعت کے لیے اہم سیاسی دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اسپیکر کے انتخاب کے دوران تقریباً چھ گھنٹے تک رکاوٹیں اور تاخیری حربے استعمال کیے گئے، تاہم عرب جماعتوں کے کردار اور ان کے فیصلوں کے باعث اپوزیشن اتحاد کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔
نئے اسپیکر کے انتخاب کے بعد اپوزیشن کو قانون سازی کے ایجنڈے اور اہم معاملات پر ووٹنگ کے شیڈول میں برتری حاصل ہوگئی ہے، جس سے وہ عدالتی اصلاحات سمیت اپنے ترجیحی اقدامات کو آگے بڑھانے کی پوزیشن میں آ گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق گزشتہ ماہ ہونے والے عام انتخابات میں نیتن یاہو کا حامی بلاک پارلیمانی اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہا تھا۔ 120 رکنی کنیسٹ میں ان کے اتحاد کو 53 نشستیں ملیں، جبکہ گادی آئزن کوٹ کے اتحاد نے 48 نشستیں حاصل کیں۔
انتخابات میں عرب جماعتوں نے مجموعی طور پر 19 نشستیں حاصل کی تھیں، جنہیں حکومت سازی کے معاملے میں فیصلہ کن اہمیت حاصل ہوئی اور ان کی حمایت سے اپوزیشن کو برتری حاصل کرنے میں مدد ملی۔
حالیہ سیاسی پیش رفت کے بعد اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے گادی آئزن کوٹ کو نئی حکومت تشکیل دینے کی دعوت دے دی ہے۔
دوسری جانب اپوزیشن رہنما گادی آئزن کوٹ نے واضح کیا ہے کہ اتحادی جماعتوں کے ساتھ حکومت سازی کے مذاکرات کو مزید طول نہیں دیا جائے گا اور مناسب وقت پر نئی حکومت کی حتمی منظوری کے لیے پارلیمنٹ سے رجوع کیا جائے گا۔