تازہ ترین

نئے صوبوں کے قیام پر ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی سوچ اپنانا ہوگی، خواجہ آصف

0

وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت کرنے والے سیاسی رہنماؤں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی صوبہ کسی کی ذاتی جاگیر نہیں اور اس معاملے پر خون خرابے کی باتیں کرنا سیاستدانوں کے ڈپریشن کا اظہار ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق جاری بحث پر اپنا مؤقف پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر گفتگو کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے محدود سیاسی دائرے سے باہر نکل کر ذاتی مفادات کے بجائے قومی سوچ اپنانا ہوگی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر بعض سیاستدانوں کے ذاتی ایجنڈے واضح طور پر سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا دنیا کے مختلف ممالک میں انتظامی سہولت کے لیے نئے صوبے نہیں بنائے جاتے؟ ان کا کہنا تھا کہ جمہوری مکالمے کے بجائے خون خرابے کی بات کرنا اس بات کی علامت ہے کہ متعلقہ سیاستدان شدید ڈپریشن کا شکار ہیں۔

خواجہ آصف نے زور دیا کہ سیاست میں ہر مسئلے کا حل بات چیت کے ذریعے نکالا جا سکتا ہے اور نئے صوبوں کے قیام پر پارلیمنٹ کے اندر تفصیلی مکالمہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے سوال کیا کہ جب ذمہ دار لوگ خون خرابے کی بات کرتے ہیں تو وہ ملک اور سیاست کو کس سمت لے جانا چاہتے ہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ نئے صوبوں کے معاملے پر کوئی نہ کوئی راستہ ضرور نکل آئے گا۔ اگر سیاسی جماعتوں نے مذاکرات کے دروازے بند کیے تو یہ طرزعمل سیاست، ملک اور عوام کسی کے مفاد میں نہیں ہوگا۔

گفتگو کے دوران وزیر دفاع نے پاکستان پیپلز پارٹی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور سوال کیا کہ پیپلز پارٹی پاکستان تحریک انصاف کی مخصوص نشستیں واپس کیوں نہیں کرتی؟

حکومتی سطح پر جاری سیاسی مشاورت کا ذکر کرتے ہوئے خواجہ آصف نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ سیاسی صورتحال اور معاملات کو سلجھانے کے لیے صدر مملکت آصف علی زرداری سمیت اہم سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کی ہیں۔

واضح رہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی اور انتظامی مسائل کے تناظر میں نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ ایک بار پھر سیاسی بحث کا اہم موضوع بن گیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے بعض حلقوں کی جانب سے اس تجویز کے لیے مثبت اشارے سامنے آئے ہیں، جبکہ پیپلز پارٹی خصوصاً سندھ کی تقسیم کے کسی بھی تصور کی مخالفت کر رہی ہے، جس کے باعث حکمران اتحاد میں بھی سیاسی اختلافات نمایاں ہو رہے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.