ایران اور امریکا کے درمیان ثالثوں کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ جاری ہے، عباس عراقچی
تہران: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے تصدیق کی ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان ثالثوں کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ جاری ہے۔ ایرانی سرکاری اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز سے متعلق 2 روزہ منصوبہ اب بھی زیر غور ہے، جبکہ واشنگٹن کی جانب سے تہران کی تجویز کا تحال کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ایران کی 7 شرائط پوری ہونے تک آبنائے ہرمز بند رہے گی۔
عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ خطے کے ممالک کو اپنی سلامتی یقینی بنانے کے لیے خود اقدامات کرنا ہوں گے، کیونکہ خطے میں موجود امریکا کے فوجی اڈے اپنی حفاظت کرنے میں بھی ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات نے اسرائیل سے تعلقات قائم کر کے ایک غلط اسٹریٹجک فیصلہ کیا۔ موجودہ صورتحال سے نکلنے کی خاطر کوئی بھی معاہدہ قبول کر لینا مناسب نہیں ہے، اور مزاحمت کے بعد مخالف کو ایسی رعایت نہیں دینی چاہیے کہ وہ اسے اپنی فتح قرار دے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی معاہدہ مستقل اور حتمی ہونا چاہیے جو اس بات کو یقینی بنائے کہ مستقبل میں جنگ دوبارہ نہ چھڑے۔
وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ افزودہ یورینیئم ایران سے باہر نہیں جائے گا، جو کہ ایک واضح سرخ لکیر ہے۔ جوہری مواد سے متعلق ایسا حل تلاش کیا جا سکتا ہے جو ملکی ضروریات کی ضمانت فراہم کرے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سفارت کاری کے ذریعے امریکا کے ساتھ جاری کشیدگی کو ختم کیا جا سکتا ہے۔ ادھر، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران معاہدہ کرنا چاہتا ہے، لیکن ایسا معاہدہ نہیں جو انہیں قابل قبول ہو۔ تہران ایک ایسے منصفانہ معاہدے کے لیے کوشاں ہے جو آئندہ کسی بھی جنگ کے امکانات کو ختم کر دے۔
رپورٹس کے مطابق ایران نے ثالث ممالک، یعنی پاکستان اور قطر، کے ساتھ اعتماد سازی کے اقدامات کی نوعیت اور طریقۂ کار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے۔ قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ قطری اور ایرانی حکام کے درمیان ہونے والی بات چیت کا مقصد تھا، تاکہ خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار کی جا سکے اور تنازع کا سفارتی حل نکالا جا سکے۔