نئے صوبوں کے قیام کے خلاف سندھ میں احتجاجی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کی کوششوں کو ابتدائی مرحلے میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے، جہاں چار سندھی قوم پرست جماعتوں کے اتحاد جیئے سندھ رہبر کمیٹی نے 22 نومبر کو کراچی میں طے شدہ احتجاجی ریلی منسوخ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
پیپلز پارٹی کی چار رکنی کمیٹی نے جمعے کو قوم پرست جماعتوں اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پاکستان) کو اپنی مجوزہ ریلیاں ملتوی کرنے پر آمادہ کرنے کے لیے رابطوں کا آغاز کیا، تاہم پہلے ہی مرحلے میں جیئے سندھ رہبر کمیٹی کو اپنا فیصلہ تبدیل کرنے پر راضی نہیں کیا جا سکا۔
پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو کی سربراہی میں قائم کمیٹی میں سینیٹر وقار مہدی، وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار اور وزیر بلدیات سید ناصر شاہ شامل تھے۔ کمیٹی نے کراچی کے علاقے سچل گوٹھ میں ریاض چندیو اور ڈاکٹر نیاز کالانی سے ملاقات کی اور ممکنہ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر احتجاجی ریلی ملتوی کرنے کی درخواست کی۔
تاہم ریاض چندیو نے کمیٹی کو واضح کیا کہ ان کی جماعتیں طے شدہ پروگرام کے مطابق ریلی نکالیں گی اور مظاہرہ پُرامن ہوگا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ منتظمین ریلی اور اس کے راستے کے لیے سندھ حکومت سے اجازت حاصل کریں گے اور تمام معیاری ضابطہ کار (ایس او پیز) پر عمل درآمد کیا جائے گا۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نثار کھوڑو نے بتایا کہ کمیٹی نے قوم پرست رہنماؤں سے کسی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے احتجاج ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔ تاہم انہوں نے تسلیم کیا کہ حکومت شہریوں اور سیاسی جماعتوں سے پُرامن احتجاج کا آئینی اور جمہوری حق نہیں چھین سکتی۔
نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ مجوزہ ریلیوں سے شرپسند عناصر کو صوبے کا امن خراب کرنے کا موقع مل سکتا ہے، جس سے سندھ میں بدامنی پیدا کرنے کے خواہش مند عناصر کو فائدہ پہنچنے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ صوبے کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے مشترکہ کردار ادا کریں۔
پیپلز پارٹی کی کمیٹی کا ہفتے کے روز حیدرآباد میں سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی سے ملاقات کا بھی شیڈول ہے۔