پاکستان تحریک انصاف کے چیف وہپ برائے قومی اسمبلی عامر ڈوگر نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم کی تجویز کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے انتظامی یونٹس کا قیام آئین اور قانون کے مطابق ہونا چاہیے اور اس معاملے میں عوامی رائے کو بنیادی اہمیت دی جانی چاہیے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں جمعے کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عامر ڈوگر نے ریفرنڈم کو کسی بھی مسئلے کے حل کا بہترین طریقہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی رائے حاصل کرنا ہی مسائل کا حل ہے اور نئے صوبوں کے قیام کے لیے عوامی حمایت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نئے صوبوں کے معاملے پر جامع سیاسی مشاورت کرے گی اور اس موضوع کو پارٹی کی کور کمیٹی اور سیاسی کمیٹی کے اجلاسوں میں بھی زیر بحث لایا جائے گا۔ ان کمیٹیوں کی سفارشات پارٹی بانی عمران خان کو پیش کی جائیں گی، جن کا فیصلہ ہی اس معاملے پر جماعت کا حتمی فیصلہ ہوگا۔
عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ عمران خان ہمیشہ چھوٹے انتظامی یونٹس کے حامی رہے ہیں، جبکہ تحریک انصاف نے 2018 کے عام انتخابات کے منشور میں جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کا ایجنڈا بھی شامل کیا تھا۔
28ویں آئینی ترمیم سے متعلق انہوں نے کہا کہ فی الحال اس معاملے کی کوئی ٹھوس بنیاد موجود نہیں اور یہ صرف روایتی اور سوشل میڈیا پر زیر بحث ہے۔ ان کے مطابق جب تک ترمیم کا مسودہ پارلیمنٹ میں پیش نہیں ہوتا، اس بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید بتایا کہ جماعت جلد اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) منعقد کرے گی، جس کا شیڈول آئندہ چند روز میں مشاورت کے بعد جاری کیا جائے گا۔
دوسری جانب پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ پارٹی مبینہ 28ویں آئینی ترمیم کا مسودہ دیکھنے اور دیگر سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد نئے صوبوں کے معاملے پر اپنا مؤقف اختیار کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ فی الحال اس معاملے پر تبصرہ کرنا قبل از وقت ہوگا۔
نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بحث اس وقت شدت اختیار کر گئی تھی جب وزیر داخلہ محسن نقوی نے 31 جولائی کو کہا تھا کہ موجودہ سیاسی نظام کو ازسرنو ترتیب دینے کے لیے نئے صوبوں کا قیام ضروری ہے۔ ان کے بیان کے بعد مختلف سیاسی رہنماؤں اور جماعتوں کی جانب سے اس تجویز کی حمایت اور مخالفت میں ردعمل سامنے آیا۔
اس بیان پر سب سے سخت ردعمل سندھ اسمبلی کی جانب سے سامنے آیا، جس نے اگست میں صوبے کی ممکنہ تقسیم کے خلاف قرارداد منظور کی تھی۔
تاہم وزیر داخلہ نے سندھ اسمبلی کی قرارداد کے بعد بھی متعدد مواقع پر اپنے مؤقف کا اعادہ کیا۔ سندھ اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کو اکثریت حاصل ہے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اکتوبر میں نئے صوبے کے قیام سے متعلق بحث ختم کرنے پر زور دیا تھا۔ بعد ازاں 17 نومبر کو کراچی میں میٹ دی پریس کے دوران انہوں نے نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر ریفرنڈم کی تجویز کی سخت مخالفت کی۔
بلاول بھٹو زرداری نے خبردار کیا تھا کہ سندھ کی زبردستی تقسیم خونریزی کا باعث بن سکتی ہے۔ ان کے اس بیان پر متعدد حکومتی وزرا اور سیاسی رہنماؤں نے شدید تنقید کی تھی۔