وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے اور ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
وزیراعظم سے ماڈل ٹاؤن لاہور میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ احمد حسان نے ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر خواجہ احمد حسان نے کہا کہ پیٹرولیم سبسڈی کی مد میں عام شہریوں کو بلاامتیاز ریلیف فراہم کرنا ایک اہم اقدام ہے، جس سے براہ راست کروڑوں افراد مستفید ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی فلاح کے لیے اربوں روپے کی ادائیگی کی گئی ہے اور اس اقدام کو عوام کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔
خواجہ احمد حسان نے یہ بھی کہا کہ عالمی سطح پر جنگی تنازعات کے سفارتی حل کے لیے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل حافظ عاصم منیر کی کوششوں کو پذیرائی ملی ہے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ حکومت عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لیے ریلیف کے اقدامات جاری رکھے گی۔ ان کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بتدریج کمی کی جا رہی ہے اور ان میں مزید کمی بھی متوقع ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر جنگی حالات کے باعث دنیا بھر کی معیشتوں میں اتار چڑھاؤ آیا ہے، جس سے قیمتوں میں عدم استحکام پیدا ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقل امن قائم ہونے کے بعد صورتحال بہتر ہو جائے گی۔