وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے توقع ظاہر کی ہے کہ پاکستان ریلوے رواں مالی سال کے اختتام تک 160 ارب روپے کی آمدن حاصل کر لے گا، جبکہ گزشتہ مالی سال کے دوران محکمے نے 100 ارب روپے سے زائد کمائے تھے۔
اسلام آباد میں پاکستان ٹورازم فیسٹیول سے خطاب کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان ریلوے کی خدمات کو جدید بنانے، ٹرینوں کی بہتری اور آپریشنل کارکردگی میں اضافے کے لیے مختلف اقدامات جاری ہیں۔ ان کے مطابق ریلوے کا پورا نظام ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر نے سیاحت کے فروغ میں پاکستان ریلوے کے کردار کو بھی اہم قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلوے کا وسیع نیٹ ورک ملک کے متنوع سیاحتی مقامات اور قدرتی حسن کو دنیا کے سامنے پیش کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔