تازہ ترین

ایل اے 17 باغ 4 حویلی میں 50 حساس اور 25 حساس ترین پولنگ اسٹیشن قرار

0

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے تیسرے مرحلے کے لیے ایل اے 17 باغ 4 حویلی میں انتخابی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، جہاں ایک لاکھ 17 ہزار 514 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

ریٹرننگ آفیسر (آر او) آفس کے اعلامیے کے مطابق حلقے میں انتخابات کے لیے 199 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جہاں 12 یونین کونسلز سمیت ٹاؤن کمیٹی کے علاقوں میں بھی پولنگ ہوگی۔

اعلامیے کے مطابق بھیڈی، ہلہ اور کیرنی سمیت دور دراز علاقوں میں انتخابی سامان پہنچا دیا گیا ہے، جبکہ سامان کی ترسیل کے لیے حویلی کو 16 سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے۔

آر او آفس کے مطابق 199 پولنگ اسٹیشنز میں سے 50 حساس اور 25 حساس ترین قرار دیے گئے ہیں۔ ہر پولنگ اسٹیشن پر 10 سکیورٹی اہلکار فرائض انجام دیں گے۔

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے تیسرے مرحلے میں پونچھ ڈویژن کے باغ اور حویلی کے 4 حلقوں میں پولنگ کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، جبکہ پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی سامان کی ترسیل کا عمل جاری ہے۔

دوسری جانب پونچھ کے 5 اور سدھنوتی کے 2 حلقوں میں انتخابات مؤخر کیے گئے ہیں۔

آزاد کشمیر کے انتخابی دنگل میں 3 سابق وزرائے اعظم بھی میدان میں ہیں۔ مسلم کانفرنس اور استحکامِ پاکستان پارٹی کے سربراہان اور سابق وزرائے اعظم سردار عتیق احمد خان اور سردار تنویر الیاس کے علاوہ وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور بھی انتخابی میدان میں اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔

حلقے میں پولنگ کے دوران حساس اور حساس ترین پولنگ اسٹیشنز پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ انتخابی عمل کو پرامن اور شفاف انداز میں مکمل کیا جاسکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.