تازہ ترین

مستونگ، بولان، واشک سمیت مختلف علاقوں میں کارروائیاں، 15 دہشتگرد ہلاک

0

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جن کے دوران اب تک 15 دہشتگرد ہلاک جبکہ بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت مستونگ، بولان، واشک، آواران، سبی، خضدار، ہرنائی اور نوشکی میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں کیں۔

کارروائیوں کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے وابستہ دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیوں کے نتیجے میں دہشتگردوں کے نیٹ ورک کو شدید نقصان پہنچا ہے اور ان کی نقل و حرکت محدود ہو گئی ہے۔

ایک روز قبل بھی بلوچستان کے علاقوں کمبیلا اور اسیم آباد میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن کے دوران 3 دہشتگرد ہلاک کیے گئے تھے۔ کارروائی کے دوران تقریباً 68 مربع کلومیٹر کا علاقہ کلیئر کیا گیا، جبکہ 2 دہشتگردوں کی لاشیں بھی برآمد ہوئیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی میں 4 دہشتگرد زخمی بھی ہوئے، جن میں مبینہ دہشتگرد کمانڈر شوکت ماما بھی شامل ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن ردالفتنہ 3 جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.