پشاور کے علاقے دیر کالونی میں نجی اسکول کی چھت گرنے سے چار بچے جاں بحق جبکہ طلبہ اور اساتذہ سمیت 20 افراد زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں، جبکہ ملبے تلے مزید افراد کی موجودگی کے خدشے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا اندیشہ ہے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق دیر کالونی میں واقع الخیر اسکول سسٹم کی عمارت کی چھت گرنے کا واقعہ پیش آیا، جس کے بعد ریسکیو ٹیمیں ایمبولینسز اور امدادی گاڑیوں کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔
لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور کی انتظامیہ کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے چار بچوں سمیت 20 زخمی طلبہ اور اساتذہ کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ عمارت کا ملبہ ہٹانے اور اس کے نیچے دبے ممکنہ افراد کو نکالنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ملبے تلے مزید بچے اور اسکول کا عملہ موجود ہو سکتا ہے۔
ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا کے ترجمان بلال احمد فیضی کے مطابق امدادی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچتے ہی کارروائیاں شروع کردیں اور زخمی بچوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسپتال منتقل کیا۔
اسپتال کے ترجمان محمد عاصم کے مطابق حادثے میں اب تک چار اموات کی تصدیق ہوچکی ہے، جبکہ ملبے تلے مزید افراد کی موجودگی کے باعث مزید اموات کا خدشہ ہے۔