گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ صوبے کے باصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور پذیرائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان نے باکسنگ کے میدان میں ایسے نامور کھلاڑی پیدا کیے ہیں جنہوں نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان اور صوبے کا نام روشن کیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پروفیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن کے صدر عبدالحمید سربراہ کی قیادت میں انٹرنیشنل باکسنگ چیمپئن شپ کے منتظمین کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں قومی باکسرز موسیٰ ہزارہ، عبدالعزیز خلجی اور خدا بخش لاشاری بھی شامل تھے۔
گورنر بلوچستان نے کہا کہ کوئٹہ نے گزشتہ سال پہلی پاکستان انٹرنیشنل باکسنگ چیمپئن شپ کی میزبانی کرکے کھیلوں کے فروغ اور بلوچستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے باکسنگ سمیت دیگر کھیلوں کی ترقی کے لیے متعلقہ اداروں، کھیلوں کی تنظیموں اور نجی شعبے کے درمیان مؤثر تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
جعفر خان مندوخیل نے نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت، جدید سہولیات کی فراہمی، کوچنگ کے معیار میں بہتری اور قومی و بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے مواقع بڑھانے پر بھی زور دیا۔ ان کے مطابق کھیل نوجوانوں میں نظم و ضبط، برداشت، خود اعتمادی اور محنت کا جذبہ پیدا کرنے کے ساتھ معاشرتی ہم آہنگی کو بھی فروغ دیتے ہیں۔
ملاقات کے دوران وفد نے گورنر بلوچستان کو 30 اور 31 اکتوبر کو منعقد ہونے والی انٹرنیشنل باکسنگ چیمپئن شپ کے فائنل راؤنڈ میں شرکت کی دعوت دی۔ گورنر جعفر خان مندوخیل 31 اکتوبر کو اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے باکسرز کی حوصلہ افزائی کریں گے۔