پشاور میں اسکول کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے پر وزیراعظم شہباز شریف نے نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے شہباز شریف کو حادثے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ گورنر نے بتایا کہ اسکول کے مالک کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ حادثے میں زخمی ہونے والوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد اور معاونت فراہم کی جائے۔ انہوں نے واقعے کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات اور ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی پر زور دیا۔