تازہ ترین

البانیہ میں طلبہ کے احتجاج میں شدت، وزیراعظم کا استعفے سے انکار

0

البانیہ میں تعلیمی اخراجات میں اضافے اور بدعنوانی کے خلاف طلبہ کی احتجاجی تحریک شدت اختیار کرگئی ہے، جہاں مسلسل تیسرے روز بھی مظاہرے جاری رہے۔ دارالحکومت ترانا میں احتجاج کے دوران سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا اور پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے واٹر کینن کا استعمال کیا، جبکہ وزیراعظم ایڈی راما نے مستعفی ہونے کا مطالبہ مسترد کردیا۔
وزیراعظم ایڈی راما نے کہا ہے کہ حکومتیں جمہوری انتخابات کے ذریعے تبدیل ہوتی ہیں، انقلاب کے ذریعے نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال انتخابات میں عوام نے ان کی حکومت کو مینڈیٹ دیا تھا، اس لیے استعفے کے مطالبات کا فیصلہ جمہوری طریقے سے ہونا چاہیے۔
ایڈی راما نے کہا کہ ان کی ذمہ داری طلبہ کے جائز مطالبات سننا، مسائل حل کرنا اور ملک کو ترقی کی راہ پر آگے بڑھانا ہے۔ انہوں نے تعلیم کے بڑھتے اخراجات پر بات چیت کے لیے آمادگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اداروں پر حملے، املاک کی تباہی اور عوامی تحفظ کو خطرے میں ڈالنا کسی صورت جائز مطالبات کا حصہ نہیں ہوسکتا۔
دارالحکومت ترانا میں مظاہرین نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا، کھڑکیاں توڑیں اور پولیس پر پتھراؤ کیا۔ پولیس نے واٹر کینن کے ذریعے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی۔ پرتشدد واقعات کے باعث پارلیمنٹ کا اجلاس بھی منسوخ کردیا گیا، جبکہ شہر کی سڑکوں پر جلے ہوئے کچرے کے ڈبے، ٹوٹے ہوئے بس اسٹاپ اور تباہ شدہ ٹریفک سگنلز دیکھے گئے۔ اطلاعات کے مطابق بدھ کے روز ہزاروں طلبہ احتجاج کے لیے سڑکوں پر نکلے اور ایک سرکاری عمارت سمیت دو بینکوں کو آگ لگا دی۔
طلبہ تنظیموں کا کہنا ہے کہ احتجاج کی بنیادی وجوہات جامعات میں سہولیات کی کمی، اعلیٰ تعلیم کے بڑھتے اخراجات، مالی معاونت کا فقدان اور ڈگری مکمل کرنے کے بعد روزگار کے محدود مواقع ہیں۔ مظاہرین بدعنوانی کے خلاف اقدامات اور تعلیمی نظام میں بہتری کا بھی مطالبہ کر رہے ہیں۔
یہ احتجاج ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب البانیہ یورپی یونین کی رکنیت حاصل کرنے کے لیے کوششیں تیز کر رہا ہے۔ وزیراعظم راما نے کہا کہ حکومت بدعنوانی کے خلاف اقدامات کر رہی ہے اور وہ تشدد کو ملک کے یورپی مستقبل کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے۔
البانیہ اور مونٹی نیگرو مغربی بلقان کے ان ممالک میں شامل ہیں جو یورپی یونین میں شمولیت کے لیے پیش رفت کر رہے ہیں۔ البانیہ نے 2028 تک یورپی یونین کی رکنیت حاصل کرنے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے، تاہم بدعنوانی کے اسکینڈلز اور منی لانڈرنگ سے متعلق خدشات اس عمل کے لیے چیلنج بنے ہوئے ہیں۔ سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق منشیات اور اسلحے کی اسمگلنگ سے حاصل ہونے والی رقم کو قانونی شکل دینے والے گروہوں کی سرگرمیاں بھی رکنیت کے عمل کو پیچیدہ بناتی ہیں۔
البانیہ میں احتجاج یورپ میں طلبہ کی بڑھتی ہوئی احتجاجی سرگرمیوں کے تناظر میں بھی اہمیت اختیار کرگیا ہے۔ فرانس میں بھی طلبہ بہتر تعلیمی سہولیات، اضافی اساتذہ اور مخدوش اسکولوں کی مرمت کے مطالبات کے لیے مظاہرے کر رہے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.