تازہ ترین

دیہی خواتین بلوچستان کی معیشت اور ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، وزیراعلیٰ

0

بلوچستان کی دیہی خواتین زراعت، معیشت اور معاشرتی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، جبکہ انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانے اور ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات جاری ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے دیہی خواتین کے عالمی دن کے موقع پر خواتین کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی معاشی خودمختاری کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ خواتین کو معاشی طور پر مضبوط بنانا اور انہیں آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اس مقصد کے لیے ہنرمندی، کاروباری تربیت اور آمدن کے نئے ذرائع پیدا کرنے پر کام کیا جا رہا ہے۔
میر سرفراز بگٹی کے مطابق رائز پروگرام، ویمن بازارز اور خواتین کی معاشی خودمختاری کے فنڈ کے ذریعے خواتین کے لیے روزگار اور کاروبار کے مواقع بڑھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کاروباری شخصیات کے لیے مصنوعی ذہانت کی لیبارٹری اور تربیتی پروگرام جدید مہارتوں کے فروغ میں معاون ثابت ہوں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ دیہی اور دور دراز علاقوں میں رہنے والی خواتین کو تعلیم، صحت، روزگار اور مالی وسائل تک رسائی فراہم کرنا ضروری ہے۔ ان کے مطابق زراعت، لائیو اسٹاک، آبی وسائل کے تحفظ اور پائیدار ذرائع معاش کو فروغ دے کر خواتین کی معاشی استعداد میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کے لیے ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنے کے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.