تازہ ترین

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی اوپیک فنڈ کے صدر سے ملاقات، ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو

0

پاکستان میں اہم ترقیاتی منصوبوں کے لیے مالی معاونت بڑھانے کے معاملے پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اوپیک فنڈ برائے بین الاقوامی ترقی کے صدر ڈاکٹر عبدالحمید الخلیفہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ایم 6 موٹروے کی مالی معاونت، قرض کے معاہدے اور آئندہ اقساط سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں عالمی بینک گروپ اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں وزیر خزانہ نے پاکستان میں معاشی استحکام، آئی ایم ایف پروگرام کے تحت پیش رفت اور بین الاقوامی سرمایہ منڈیوں تک دوبارہ رسائی کے بارے میں آگاہ کیا۔

محمد اورنگزیب نے پاکستان کے لیے تجارتی اور منصوبہ جاتی مالی معاونت میں اضافے کے لیے اوپیک فنڈ کی آمادگی کو سراہا۔ ملاقات میں ایم 6 موٹروے کے لیے منظور شدہ پہلی قسط سمیت مالی معاونت اور قرض کے معاہدے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

دونوں جانب سے ایم ایل ون ریلوے کی جدیدکاری اور بجلی کی ترسیل کے بنیادی ڈھانچے کو بھی اہم ترجیحات قرار دیا گیا۔ منصوبوں پر بروقت عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے منظوریوں کے عمل میں تیزی لانے اور باہمی رابطہ کاری مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

ملاقات میں خطے میں امن و استحکام سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ دورے کے دوران منصوبے کے معاہدے پر دستخط کا امکان بھی زیر غور ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.