کرم: پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر کشیدگی کے دوران ضلع کرم کے علاقے خرلاچی اور افغان صوبے پکتیا کے علاقے ڈنڈِ پتان میں پاکستانی فورسز اور افغان طالبان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق دونوں مقامات پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا، تاہم تاحال کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوسکی۔ حکام کی جانب سے واقعات کی وجوہات کے حوالے سے بھی کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق اس سے قبل جنوبی وزیرستان کے علاقے انگور اڈہ اور افغانستان کے صوبے پکتیکا کے علاقے برمل میں بھی رات گئے فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا۔
حالیہ واقعات کے بعد پاک افغان سرحد پر وقفے وقفے سے ہونے والی جھڑپوں نے ایک بار پھر توجہ حاصل کرلی ہے۔ اس دوران خرلاچی کسٹمز اسٹیشن اور سرحدی گیٹ کی تصاویر بھی سامنے آئی ہیں۔
تاحال متعلقہ حکام نے ان واقعات میں جانی نقصان یا فائرنگ کی وجوہات کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔