تازہ ترین

یوکرین میں ریلوے اسٹیشن پر ڈرون حملہ، 13 افراد ہلاک

0

ڈنیپرو: یوکرین کے شہر ڈنیپرو میں ریلوے اسٹیشن پر ڈرون حملے کے نتیجے میں کم از کم 13 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے، جبکہ تین زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

یوکرین کے سرکاری ریلوے حکام کے مطابق صبح کے وقت جیٹ انجن سے چلنے والے ڈرون نے ریلوے اسٹیشن کے اس پلیٹ فارم کو نشانہ بنایا جہاں زاپوریزیا جانے والی مسافر ٹرین کھڑی تھی۔ حملے میں جانی نقصان ہوا اور زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ حملے سے قبل خطرے کی سطح میں اضافے سے متعلق انتباہ جاری کیا گیا تھا، تاہم اس کے باوجود پلیٹ فارم پر مسافر موجود تھے۔

یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے حملے کو ہولناک قرار دیتے ہوئے امریکا، یورپی ممالک اور گروپ آف سیون (جی سیون) سے روس کے خلاف مزید سخت پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے روسی توانائی کے شعبے اور بعض روسی ارب پتیوں پر عائد پابندیوں میں نرمی پر بھی تنقید کی۔

زیلنسکی کا کہنا تھا کہ روس کی جانب سے حملوں میں اضافے کے پیش نظر ماسکو اور اس کی جنگی مشینری پر دباؤ بڑھانا ضروری ہے۔ ڈنیپرو کے میئر بوریس فلاتوف نے بھی واقعے کو شہر کے لیے بڑا سانحہ قرار دیا۔

یوکرینی ریلوے حکام کے مطابق رواں سال روسی حملوں میں ریلوے اسٹیشنوں، انجنوں اور مسافر ڈبوں سمیت 1700 سے زائد ریلوے تنصیبات کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.