تازہ ترین

آبادی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے وفاق اور صوبوں کو مشترکہ اقدامات کی تجویز

0

اسلام آباد: پاکستان میں تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے سینیٹ میں قرارداد منظور کرلی گئی۔ قرارداد پیش کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے خبردار کیا کہ موجودہ رجحانات برقرار رہنے کی صورت میں 2050 تک ملک کی آبادی 39 کروڑ تک پہنچ سکتی ہے۔

شیری رحمان نے کہا کہ آبادی میں اضافے کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے فوری اور عملی اقدامات ضروری ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان میں آبادی بڑھنے کی شرح جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ ہے، جس کے باعث بنیادی سہولیات کی فراہمی پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی خوراک، پانی، تعلیم اور صحت کے شعبوں کے لیے بڑے چیلنجز پیدا کررہی ہے۔ پاکستان میں پانچ سال سے کم عمر تقریباً 40 فیصد بچے غذائی قلت کے باعث نشوونما میں رکاوٹ کا شکار ہیں۔

سینیٹر شیری رحمان کا کہنا تھا کہ بچوں کی پیدائش کے درمیان مناسب وقفہ نہ ہونے سے ماؤں کی صحت متاثر ہوتی ہے اور ان کی زندگی کو بھی خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ آبادی میں اضافے کے مسئلے پر قابو پانے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں، پارلیمان، میڈیا، علما اور کمیونٹی رہنماؤں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ ان کے مطابق اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے مشترکہ قومی حکمت عملی اپنانا ناگزیر ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.