تازہ ترین

ریاست پر تنقید کرنے والوں کو جواب سننے کا حوصلہ بھی رکھنا چاہیے، محسن نقوی

0

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سینیٹ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان پر تنقید کی اور کہا کہ وہ پہلے ان کا بہت احترام کرتے تھے، تاہم ریاست سے متعلق ان کے حالیہ بیان کے بعد ان کے دل میں وہ احترام باقی نہیں رہا۔

محسن نقوی نے کہا کہ گزشتہ کچھ عرصے سے ان کے خلاف مہم چلائی جارہی ہے اور یہ تاثر دیا گیا کہ وہ ایران کسی دفاعی معاہدے کے لیے گئے تھے۔ ان کے مطابق وہ دفاعی معاہدے کے سلسلے میں نہیں بلکہ موجودہ بحران کے حوالے سے بات چیت کے لیے ایران گئے تھے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے انہیں خصوصی ذمہ داری سونپی تھی، اسی لیے انہیں وہاں جانا پڑا، کیونکہ دفاع سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں بیرون ملک جانے کا کوئی شوق نہیں اور وزیر دفاع سے متعلق یہ سوال بھی اسی تناظر میں اٹھایا گیا کہ انہیں اس دورے کے بارے میں علم کیوں نہیں تھا۔

محسن نقوی نے مولانا فضل الرحمان کے اداروں سے متعلق بیان پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ریاست سے فائدہ ملتا ہے، اسے اچھا سمجھا جاتا ہے، لیکن فائدہ نہ ملنے پر اس کے خلاف باتیں شروع کردی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی تنقید کرتا ہے تو اسے جواب سننے کا حوصلہ بھی رکھنا چاہیے۔

اس موقع پر سینیٹر کامران مرتضیٰ نے وزیر داخلہ کے الفاظ پر اعتراض کیا۔ محسن نقوی نے مزید کہا کہ ان کے خیال میں اسلام کو کاروباری اور سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کرنا چاہیے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ جمعیت علمائے اسلام گزشتہ کئی دنوں سے ان پر تبصرے کررہی ہے اور وہ ذاتی طور پر مولانا فضل الرحمان کا دل سے احترام کرتے تھے۔ تاہم، ان کے مطابق مولانا کے اس بیان کے بعد کہ وہ ریاست پر تھوکتے ہیں، احترام کی گنجائش باقی نہیں رہی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.