تازہ ترین

ایران سے دوبارہ جنگ عالمی معیشت کے لیے خطرہ، پاکستان اور چین کا انتباہ

0

امریکا اور ایران کے درمیان جنگ دوبارہ شروع ہونے کے خدشات نے خطے کے امن اور عالمی معیشت کے حوالے سے تشویش بڑھا دی ہے، جبکہ پاکستان اور چین نے تنازع کے سفارتی حل پر زور دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ نئی جنگ کے سنگین نتائج سامنے آسکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ایران کے خلاف جنگ پر امریکی اخراجات 47 ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پینٹاگون کے اخراجات کے اعداد و شمار جولائی میں محکمہ دفاع کے تخمینے سے 25 فیصد زیادہ ہیں، تاہم ان میں ایرانی حملوں کے نتیجے میں امریکی فوجی اڈوں کو پہنچنے والے نقصان کی لاگت شامل نہیں۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں چین نے امریکا اور ایران کے درمیان دوبارہ جنگ چھڑنے کے ممکنہ نتائج پر تشویش کا اظہار کیا۔ چینی مندوب نے خبردار کیا کہ نئی فوجی کارروائی خطے میں بڑے پیمانے پر تباہی کا باعث بن سکتی ہے اور عالمی معیشت کو درپیش مشکلات میں مزید اضافہ کرسکتی ہے۔

چینی نمائندے نے ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ایران کے جوہری معاملے پر دوہرے معیار سے گریز کیا جائے اور تنازع کے حل کے لیے متوازن حکمتِ عملی اپنائی جائے۔

سلامتی کونسل میں پاکستان کے قائم مقام مستقل مندوب عثمان جدون نے بھی ایران کے جوہری معاملے کے سفارتی حل پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔

عثمان جدون نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ کشیدگی بڑھانے والے بیانات اور اقدامات سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے جوہری مسئلے کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے اور عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کو اپنے تکنیکی مینڈیٹ کے تحت آزادانہ اور بلا رکاوٹ کام کرنے کا موقع دیا جائے۔

دوسری جانب وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل بھی ایران کے خلاف ممکنہ نئے حملوں کی تیاری کر رہا ہے۔ تاہم فوجی کارروائی کے خدشات کے باوجود سفارتی رابطے اور مذاکرات کی کوششیں بھی جاری ہیں۔

موجودہ صورتحال میں امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں ممکنہ اضافے نے علاقائی امن، عالمی معیشت اور جوہری تنازع کے مستقبل کے بارے میں خدشات بڑھا دیے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.