تازہ ترین

نئے صوبوں کے بجائے نظام کی بہتری ضروری ہے، بلاول بھٹو

0

تھر: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نئے صوبوں کے قیام کے مطالبات پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو نئے صوبوں سے زیادہ بہتر نظام اور انتظامی کارکردگی کی ضرورت ہے۔

تھر کول فیز تھری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ماضی میں اسلام آباد کے ماہرین تھر کے کوئلے کو بے کار قرار دیتے تھے، تاہم آج اسی کوئلے سے 2 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تھر میں ہونے والی ترقی پورے ملک کیلئے اہم پیش رفت ہے، جہاں بچے تعلیم کے میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

بلاول بھٹو کے مطابق تھر کی ترقی آئین اور اٹھارویں ترمیم کی عملی مثال ہے، جبکہ تھر کے کوئلے کے منصوبوں کے ذریعے 1.6 ارب ڈالر کا قیمتی زرمبادلہ بچایا جا رہا ہے۔

انہوں نے سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عناصر تھر کی ترقی کو قبول نہیں کر پا رہے اور کراچی میں نفرت کی سیاست کو فروغ دے رہے ہیں۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ملک میں نئے صوبے بنانے کے بجائے موجودہ نظام کو بہتر بنانے پر توجہ دینی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر اسلام آباد انتظامی طور پر ناکام ہے تو اسے تھر کے ماڈل پر چلایا جاسکتا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر وفاقی حکومت انہیں ذمہ داری دے تو وہ اسلام آباد کے اسکولوں اور اسپتالوں کو بھی تھر کی طرح بہتر بنانے کیلئے کام کریں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.