تازہ ترین

خیبرپختونخوا کی صورتحال پر وزیراعظم اور صدر کی اہم ملاقات متوقع، آئینی آپشنز پر غور

0

اسلام آباد: خیبرپختونخوا کی سیاسی، آئینی اور سکیورٹی صورتحال کے تناظر میں وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری کے درمیان اہم ملاقات متوقع ہے، جس میں صوبے کی صورتحال اور ممکنہ آئینی اقدامات پر مشاورت کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں خیبرپختونخوا میں امن و امان، وزیراعلیٰ کے مؤقف، لانگ مارچ کے ممکنہ اثرات اور وفاقی حکومت و پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کی ناکامی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں گورنر راج یا ایمرجنسی سمیت مختلف آئینی آپشنز پر بھی غور کیا جاسکتا ہے، جبکہ وزیراعظم اس معاملے پر صدر اور اپنے رفقا سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے۔

دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش نہیں اور ان کے مطابق صوبائی حکومت وفاقی حکومت کے ساتھ مطلوبہ تعاون نہیں کر رہی۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ صدر آصف علی زرداری نے تاحال صوبے کی امن و امان کی صورتحال پر رپورٹ طلب نہیں کی، تاہم رپورٹ طلب کیے جانے پر وہ سفارشات کے ساتھ اسے پیش کریں گے۔

ادھر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے درمیان پشاور میں ملاقات ہوئی، جس میں صوبے کی سکیورٹی صورتحال، سیاسی معاملات اور جاری لانگ مارچ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق اگر صدر اور وزیراعظم صوبے کو دہشت گردی اور بدامنی سے بچانے کیلئے گورنر راج یا ایمرجنسی ضروری سمجھتے ہیں تو گورنر ہاؤس اپنا آئینی کردار ادا کرے گا۔

ملاقات میں لانگ مارچ کے دوران سکیورٹی صورتحال اور سرکاری وسائل کے استعمال سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے، جبکہ پولیس کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.