تازہ ترین

پاکستان، سری لنکا ٹی20 سیریز`ٹیم میں بڑی تبدیلیاں متوقع، بابر، شاداب، نسیم اور فخر کی واپسی کا امکان

0

اسلام آباد: پاکستان کرکٹ ٹیم میں سری لنکا کے خلاف تین ٹی20 میچوں کی سیریز سے قبل بڑی تبدیلیوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، اور اوپننگ بیٹر صاحبزادہ فرحان کو سلمان علی آغا کی جگہ قومی ٹی20 ٹیم کا کپتان بنانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکا کے خلاف سیریز کیلئے قومی اسکواڈ میں کئی اہم تبدیلیاں متوقع ہیں، جبکہ سابق کپتان بابر اعظم، شاداب خان، نسیم شاہ اور فخر زمان کی ٹیم میں واپسی کا امکان ہے۔

احمد دانیال، سعد مسعود، حیدر علی اور محمد وسیم جونیئر کے اسکواڈ میں برقرار رہنے کے امکانات کم ہیں، جبکہ شاہین شاہ آفریدی کو بھی اس سیریز میں آرام دیے جانے کی توقع ہے۔

24 سالہ صاحبزادہ فرحان نے حالیہ ایشین گیمز میں نوجوان قومی ٹیم کی قیادت کی تھی، جہاں پاکستان نے پہلی مرتبہ فائنل تک رسائی حاصل کرتے ہوئے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ فائنل میں پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں 19 رنز سے شکست ہوئی تھی۔

رپورٹس کے مطابق صاحبزادہ فرحان کی قیادت میں پاکستان سری لنکا کے خلاف تین ٹی20 میچز کھیلے گا۔ تینوں میچز 9، 11 اور 13 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول ہیں۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان اب تک 31 ٹی20 میچز کھیلے جاچکے ہیں، جن میں پاکستان نے 18 جبکہ سری لنکا نے 13 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔

ٹی20 سیریز کے بعد پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان سہ فریقی ایک روزہ سیریز بھی کھیلی جائے گی، جس کا آغاز 18 اکتوبر کو راولپنڈی میں پاکستان اور سری لنکا کے میچ سے ہوگا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.