کرک: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کسی ایسی پالیسی کا حصہ نہیں بنے گی جو خیبرپختونخوا کے مفادات کے خلاف ہو، جبکہ انہوں نے اپنے خطاب میں طاقتور حلقوں کو بھی واضح پیغام دیا۔
کرک کے جیل چوک پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے صوبے میں جاری دہشت گردی اور سکیورٹی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ایک بار پھر عوام کا خون بہہ رہا ہے، کاروبار متاثر اور لوگ بے گھر ہو رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ صوبے میں ملٹری آپریشنز اور ڈرون حملوں کے نتیجے میں عام شہریوں، پولیس اور فوجی اہلکاروں کی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ وہ اور ان کی جماعت ایسی پالیسیوں کو قبول نہیں کریں گے جن سے خیبرپختونخوا کے عوام کے مفادات متاثر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک وہ اور ان کی آنے والی نسلیں موجود ہیں، صوبے کے حوالے سے ایسے فیصلوں کی مخالفت جاری رہے گی۔
انہوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ جیل میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں اور ملک کو موجودہ صورتحال سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ لانگ مارچ کے سلسلے میں ملک کے مختلف علاقوں سے لوگوں کو صوابی پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے، جہاں آئندہ کا لائحہ عمل دیا جائے گا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے الزام عائد کیا ہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے لانگ مارچ میں شرکت کیلئے سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کیا۔