میری بات سیاق سے ہٹ کر پیش کی گئی، سنجے دت کی وضاحت
ممبئی: بالی ووڈ اداکار سنجے دت نے بھارت میں امن کی صورتحال سے متعلق اپنے حالیہ بیان پر وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے ریمارکس ایک اسکرپٹڈ گفتگو کا حصہ تھے اور انہیں مزاحیہ انداز میں بیان کیا گیا تھا۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں اداکار نے کہا کہ ان کی گفتگو کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، ان کا مقصد کسی فرد، برادری یا ادارے کی دل آزاری یا بے عزتی کرنا نہیں تھا۔
سنجے دت نے کہا کہ گفتگو کا انداز ان کی فلم ’منا بھائی‘ کے مزاح اور طنز جیسا تھا، جس میں ’گاندھی گیری‘ کے ذریعے محبت، اپنائیت، اتحاد اور خیرسگالی کا پیغام دیا گیا۔
ان کے یہ ریمارکس ایک چیٹ شو میں سامنے آئے تھے، جہاں انہوں نے بھارتی عوام کو گرمجوش اور مہمان نواز قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں اب ملک میں پہلے جیسا امن محسوس نہیں ہوتا۔
سوشل میڈیا پر بیان کو تنقید کا نشانہ بنائے جانے کے بعد سنجے دت نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بات کو اصل تناظر میں سمجھا جانا چاہیے۔