تازہ ترین

سچی اور بروقت خبر باشعور معاشرے کی بنیاد ہے، ڈائریکٹر جنرل پی آر بلوچستان

0

کوئٹہ- ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز بلوچستان عسکر خان نے کہا ہے کہ درست، مستند اور بروقت معلومات کی فراہمی عوامی اعتماد کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے، جبکہ ڈیجیٹل دور میں حقائق کی تصدیق اور ذمہ دارانہ صحافت کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔

عالمی یومِ خبر کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا نے اطلاعات کی ترسیل کو تیز اور آسان بنا دیا ہے، تاہم اسی رفتار کے باعث غیر مصدقہ معلومات، افواہوں اور گمراہ کن مواد کے پھیلاؤ کے امکانات بھی بڑھ گئے ہیں۔ کسی بھی اطلاع کو آگے بڑھانے سے قبل اس کے ماخذ اور صداقت کی جانچ ضروری ہے۔

عسکر خان نے کہا کہ حساس، اہم اور عوامی نوعیت کی اطلاعات کے حوالے سے مجاز سرکاری اداروں اور متعلقہ سرکاری ذرائع سے تصدیق کو بنیادی اہمیت دی جانی چاہیے۔ سرکاری اداروں کی باضابطہ معلومات عوام تک درست حقائق پہنچانے کا اہم ذریعہ ہیں، تاہم خبر کی جامع تصویر کے لیے صحافتی تحقیق اور دیگر قابلِ اعتماد ذرائع سے تصدیق بھی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان درست، مستند اور بروقت معلومات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے، جبکہ محکمہ تعلقات عامہ بلوچستان سرکاری اداروں اور میڈیا کے درمیان مؤثر رابطے کے ذریعے باضابطہ معلومات کی بروقت ترسیل اور میڈیا کو مستند معلومات کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

ڈی جی پی آر کے مطابق موجودہ اطلاعاتی ماحول میں غلط معلومات اور گمراہ کن مواد کا مقابلہ مؤثر ابلاغ اور حقائق پر مبنی معلومات کے ذریعے ہی کیا جاسکتا ہے۔ حکومت بلوچستان عوام تک درست معلومات پہنچانے اور حقائق کی وضاحت کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

عسکر خان نے کہا کہ صحافت محض اطلاعات کی ترسیل نہیں بلکہ معاشرے کو حقائق سے آگاہ کرنے کی ذمہ داری بھی ہے۔ درست معلومات کی فراہمی سے افواہوں اور غلط فہمیوں کی روک تھام کے ساتھ اداروں اور عوام کے درمیان اعتماد بھی مضبوط ہوتا ہے۔

انہوں نے بلوچستان کے صحافیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صحافتی برادری نے مشکل حالات میں بھی اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دیے ہیں۔ جدید ابلاغی تقاضوں سے ہم آہنگ ذمہ دارانہ صحافت کے فروغ کے لیے میڈیا، سرکاری اداروں اور معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

ڈی جی پی آر بلوچستان نے کہا کہ سچی، مستند اور بروقت خبر عوامی اعتماد، باشعور رائے عامہ اور ایک ذمہ دار معاشرے کی بنیاد ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.