تازہ ترین

کوہاٹ پولیس لائنز حملہ: دہشت گردوں کی نقل و حرکت اور سہولت کاروں کا سراغ مل گیا

0

کوہاٹ: 18 ستمبر کے اولڈ پولیس لائنز خودکش حملے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے دہشت گردوں کی نقل و حرکت، حملے کی تیاری اور مقامی سہولت کاروں کے نیٹ ورک سے متعلق اہم شواہد اکٹھے کرلیے ہیں۔
تحقیقاتی حکام کے مطابق دہشت گرد بارودی مواد سے بھری ایک گاڑی اور رکشے کے ذریعے پولیس لائنز تک پہنچے تھے، جبکہ خودکش بمبار رکشے میں سوار تھا۔ دو دیگر دہشت گرد موٹر سائیکل پر حملہ گاہ تک پہنچے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور بھاری اسلحے سے لیس تھے اور ان کے پاس دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات، دستی بم اور دیگر بھاری ہتھیار موجود تھے۔
تحقیقاتی ٹیم کے مطابق دہشت گردوں نے حملے سے قبل پولیس لائنز کی متعدد مرتبہ نگرانی بھی کی تھی تاکہ علاقے اور وہاں تک رسائی کے راستوں کا جائزہ لیا جاسکے۔
تحقیقات کا دائرہ مقامی سہولت کاروں تک بھی بڑھا دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق سہولت کاروں نے دہشت گردوں کو محفوظ ٹھکانے فراہم کرنے کے ساتھ پولیس لائنز تک رسائی حاصل کرنے میں بھی مدد فراہم کی۔
حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے ملنے والے اہم شواہد اور دیگر مواد کو مزید فرانزک تجزیے کے لیے بھجوا دیا گیا ہے، جبکہ حملے سے منسلک باقی عناصر تک پہنچنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.