بارش نے ہانگ کانگ کی امیدیں دھو دیں، پاکستان ایشین گیمز کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا
نشین- مسلسل بارش نے پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان ایشین گیمز 2026 کے مردوں کے کرکٹ کوارٹر فائنل میں کھیل کا موقع ہی نہ دیا، جس کے بعد پاکستان بہتر آئی سی سی رینکنگ کی بنیاد پر سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔
نشین میں کھیلے جانے والے کوارٹر فائنل میں بارش کے باعث ایک بھی گیند نہ پھینکی جاسکی اور میچ منسوخ کردیا گیا۔ ٹورنامنٹ کے مقررہ قوانین کے مطابق آئی سی سی رینکنگ میں بہتر پوزیشن رکھنے والی صاحبزادہ فرحان کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے آخری چار میں جگہ بنالی۔
پاکستان کا سیمی فائنل میں مقابلہ بنگلہ دیش اور ملائیشیا کے درمیان 29 ستمبر کو ہونے والے چوتھے کوارٹر فائنل کے فاتح سے ہوگا۔
دونوں سیمی فائنلز یکم اکتوبر کو اسی مقام پر کھیلے جائیں گے۔
اس سے قبل ایشین گیمز 2026 کے خواتین کرکٹ ایونٹ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 31 رنز سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔ فاتح ٹیم کی جانب سے فاطمہ ثنا نے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 45 رنز بنائے، جس کی بدولت پاکستان نے 145 رنز بنائے۔
بعدازاں دائیں ہاتھ کی آف اسپنر امِ ہانی نے 10 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں اور بنگلہ دیش کو مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 114 رنز تک محدود رکھا۔
یہ ایشین گیمز کی خواتین کرکٹ تاریخ میں پاکستان کا تیسرا تمغہ ہے۔ پاکستان نے 2010 اور 2014 کے ایونٹس میں سونے کے تمغے حاصل کیے تھے، جبکہ 2022 میں کانسی کے تمغے کے میچ میں بنگلہ دیش سے شکست ہوئی تھی۔