ویرات کوہلی نے 2027 ورلڈ کپ کو آخری عالمی کپ قرار دے دیا
نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی نے اعلان کیا ہے کہ 2027 کا ایک روزہ ورلڈ کپ بھارت کی جانب سے ان کا آخری ورلڈ کپ ہوگا، جبکہ انہوں نے ٹورنامنٹ جیتنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
ویرات کوہلی نے ہفتے کو نجی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے لیے 2027 ورلڈ کپ بھارت کی جانب سے کھیلنے والا آخری عالمی کپ ہوگا اور یہی بات انہیں اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے سب سے بڑی تحریک فراہم کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مقصد واضح طور پر ورلڈ کپ جیتنا ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے وہ جو کچھ بھی کرنا پڑا، کرنے کے لیے تیار ہیں۔
37 سالہ ویرات کوہلی اس وقت صرف ون ڈے فارمیٹ میں بھارت کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ وہ ٹیسٹ اور ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں۔ ون ڈے کرکٹ میں کوہلی 314 میچز میں 14 ہزار 941 رنز اور 54 سنچریوں کے ساتھ نمایاں ریکارڈ رکھتے ہیں۔
کوہلی نے کہا کہ 50 اوورز کے ورلڈ کپ کی شدت دیگر فارمیٹس کے مقابلے میں زیادہ ہے، کیونکہ کھلاڑیوں کو پورے ٹورنامنٹ میں مسلسل بلند معیار کی کارکردگی برقرار رکھنا ہوتی ہے۔ ان کے مطابق ایک روزہ ورلڈ کپ میں ایک دن کے دوران تقریباً ڈھائی ٹی20 میچز کے برابر کرکٹ کھیلنے جیسی شدت محسوس ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ ورلڈ کپ غیر ملکی حالات میں کھیلا جائے گا، جس کے باعث کھلاڑیوں
کی توانائی اور جسمانی صلاحیتوں پر بھی زیادہ دباؤ پڑے گا۔
2027 کا آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا میں اکتوبر اور نومبر کے دوران کھیلا جائے گا۔
دوسری جانب سابق بھارتی کپتان روہت شرما نے بھی ایک اور ورلڈ کپ مہم میں شرکت کے حوالے سے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک وہ کھیل رہے ہیں، ان کے لیے ہمیشہ کچھ نہ کچھ منتظر رہتا ہے اور وہ آئندہ ورلڈ کپ کے منتظر ہیں۔
ویرات کوہلی اور روہت شرما دونوں کو ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ایک روزہ میچز کی سیریز کے لیے بھارتی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، جس کا آغاز 27 ستمبر سے ہوگا۔