تازہ ترین

جمہوریہ کانگو میں فوجی طیارہ آبادی پر گر کر تباہ، 2 جنرلوں سمیت 14 افراد ہلاک

0

جمہوریہ کانگو (ڈی آر سی) کے جنوب مغرب میں ایک عسکری طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں 2 سینئر جنرلوں سمیت کم از کم 14 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

حادثہ اس وقت پیش آیا جب طیارے نے لینڈنگ سٹرپ نہ ہونے کی وجہ سے ایک رہائشی پلاٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کی، جس کے بعد طیارے میں آگ لگ گئی۔

یہ طیارہ جنوب مغربی شہرِ کیکوٹ سے دارالحکومت کنشاسا کی طرف جا رہا تھا کہ پرواز کے دوران اس میں فنی خرابی پیدا ہو گئی۔ طیارے نے صوبہ کوانگو کے شہر کینگے میں ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کی۔

صوبہ کوانگو کے نائب گورنر ریمی ساکی بوکندا کے مطابق ’کینگے میں کوئی مناسب لینڈنگ سٹرپ یا رنوے موجود نہ ہونے کی وجہ سے طیارہ ایک رہائشی پلاٹ پر جا گرا۔‘

کانگو کی مسلح افواج کے ترجمان میجر جنرل افومی ایکینگے نے حادثے میں 14 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ’طیارے میں سوار تمام افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ حادثے میں 12 افراد کی لاشیں اس حد تک جھلس گئی ہیں کہ ان کی شناخت ممکن نہیں رہی، جبکہ پائلٹ کی لاش طیارے کے ملبے سے باہر ملی۔‘

فوجی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 2 جنرلوں کے ساتھ سفر کرنے والے سرکاری وفد کے ارکان، دیگر عسکری اہلکار اور عام شہری شامل ہیں۔ نائب گورنر نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ زیادہ تر لاشیں بری طرح مسخ ہو چکی ہیں۔

فوجی ترجمان میجر جنرل ایکینگے نے مزید بتایا کہ حادثے کی وجوہات کا تعیّن کرنے کے لیے باضابطہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

وسطی افریقہ کا وسیع و عریض اور معدنیات سے مالا مال ملک جمہوریہ کانگو دہائیوں سے داخلی کشمکش اور تنازعات کا شکار ہے۔ بالخصوص روانڈا سے متصل مشرقی سرحدی علاقوں میں متعدد مسلح گروہ قیمتی معدنی کانوں پر قبضہ حاصل کرنے کے لیے برسرِ پیکار ہیں، اور افغان طرز کے ان بحرانوں کے دوران کانگو کی فوج گزشتہ سال سے اہم شہروں پر قابض کئی باغی گروہوں کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.