پشتون کلچر ڈے پر زیارت کالج میں رنگا رنگ تقریب کا انعقاد
زیارت: پشتون کلچر ڈے کے موقع پر گورنمنٹ ڈگری کالج زیارت میں رنگا رنگ ثقافتی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ نے روایتی لباس، موسیقی، زبان اور مختلف ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے پشتون ثقافت اور تاریخی ورثے کو اجاگر کیا۔ تقریب میں روایتی اتڼ نے شرکا کی خصوصی توجہ حاصل کی۔
تقریب میں کالج کے پرنسپل پروفیسر نقیب اللہ کاکڑ سمیت اساتذہ نے شرکت کی اور ثقافتی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی۔ طلبہ نے روایتی لباس زیب تن کرکے مختلف سرگرمیوں کے ذریعے اپنی ثقافتی روایات اور اقدار کو نمایاں کیا۔
اس موقع پر کالج کے پرنسپل پروفیسر نقیب اللہ کاکڑ نے کہا کہ ثقافتی دن منانے کا بنیادی مقصد نوجوان نسل کو اپنی زبان، روایات، اقدار اور تاریخی ورثے سے روشناس کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو اپنی ثقافتی شناخت سے جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
دریں اثنا ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل عبدالرزاق خجک نے پشتون کلچر ڈے کے موقع پر اہلِ علاقہ اور دنیا بھر میں مقیم پشتونوں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ثقافت کسی بھی قوم کی شناخت، تاریخ اور اقدار کی عکاس ہوتی ہے۔
عبدالرزاق خجک نے کہا کہ پشتون ثقافت مہمان نوازی، بھائی چارے، رواداری اور امن کے پیغام سے عبارت ہے۔ نوجوان نسل کو مثبت ثقافتی اقدار سے روشناس کرانا ضروری ہے تاکہ وہ اپنے تاریخی اور ثقافتی ورثے سے جڑے رہیں۔
انہوں نے کہا کہ ثقافتی دن محض روایات کو یاد کرنے کا موقع نہیں بلکہ باہمی اتحاد، محبت، احترام اور رواداری کے فروغ کا ذریعہ بھی بننا چاہیے۔