کوئٹہ: بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران سکیورٹی فورسز نے آپریشن شعبان ٹو کے تحت اہم پیش رفت کرتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ 9 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی بلوچستان کے علاقے سران تنگی اور اس سے ملحقہ علاقوں میں دہشت گردوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاعات ملنے کے بعد شروع کی گئی۔ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے مختلف مقامات پر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
دستیاب تفصیلات کے مطابق آپریشن کے پہلے مرحلے میں مجموعی طور پر تقریباً 59 مربع کلومیٹر علاقہ کلیئر کیا گیا، جبکہ مختلف مقامات پر جھڑپیں بھی ہوئیں۔ کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد ٹھکانا تباہ کیا گیا اور متعدد دھماکا خیز آلات بھی برآمد ہوئے، جن میں سے دو کو بروقت ناکارہ بنا دیا گیا۔
سران تنگی کے علاقے میں سکیورٹی فورسز نے 6 مسلح افراد کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا، جس کے بعد کارروائی کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوا۔ دیگر علاقوں میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری رہا۔
سکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران 9 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا جبکہ اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیے گئے۔ ایک دھماکا خیز آلہ ناکارہ بنانے کی کوشش کے دوران پھٹ گیا تاہم دستیاب رپورٹ کے مطابق سکیورٹی اہلکار محفوظ رہے۔
حکام کے مطابق بلوچستان میں حالیہ عرصے کے دوران دہشت گردی کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں میں تیزی لائی گئی ہے، جبکہ آپریشن شعبان ٹو کے تحت مزید علاقوں میں سرچ اور کلیئرنس کا عمل جاری رکھنے کی اطلاعات ہیں۔