تازہ ترین

شہباز شریف اور حافظ نعیم میں رابطہ، پیٹرولیم لیوی پر مذاکرات کی پیشکش

0

پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کے اسلام آباد مارچ کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے نیویارک سے جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور مارچ کو اپنی وطن واپسی تک مؤخر کرنے کی درخواست کی ہے۔ وزیراعظم نے واپسی پر جماعت اسلامی کے ساتھ پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر بامعنی مذاکرات کی پیشکش بھی کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے حافظ نعیم الرحمن سے گفتگو میں کہا کہ وہ پاکستان واپس پہنچنے کے بعد ان سے ملاقات کریں گے اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے مزید اقدامات پر بات چیت کی جائے گی۔

حافظ نعیم الرحمن نے وزیراعظم کو بتایا کہ جماعت اسلامی کا مقصد حکومت سے تصادم یا امن و امان کی صورتحال پیدا کرنا نہیں بلکہ عوامی مسائل اجاگر کرنا ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی پیٹرولیم لیوی کے خلاف اپنا احتجاج جاری رکھے گی اور عوام کو احتجاج کا حق ملنا چاہیے۔

جماعت اسلامی کے امیر نے واضح کیا کہ پارٹی کی شوریٰ وزیراعظم کی درخواست پر غور کرے گی، جس کے بعد مارچ کو چند روز مؤخر کرنے یا آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔ ان کے مطابق مارچ مؤخر ہونے کی صورت میں بھی جماعت اسلامی اپنا احتجاج کا حق ترک نہیں کرے گی۔

جماعت اسلامی کا احتجاجی مارچ 20 ستمبر کو کراچی سے ٹرین کے ذریعے شروع ہوا تھا اور مارچ ملتان پہنچ چکا ہے۔ اگلے مرحلے میں قافلے کے جنوبی پنجاب سے گزرتے ہوئے لاہور اور پھر اسلام آباد جانے کا شیڈول ہے۔

جماعت اسلامی پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کا مطالبہ کر رہی ہے اور اس سے قبل حکومت کے ساتھ متعدد مذاکرات بھی ہوچکے ہیں، تاہم فریقین کے درمیان مطالبے پر اتفاق نہیں ہوسکا۔ جماعت اسلامی حکومتی فیول ریلیف اسکیم کو بھی لیوی کے خاتمے کا متبادل تسلیم نہیں کرتی۔

دوسری جانب حکومت نے بڑھتی عالمی پٹرولیم قیمتوں کے اثرات کم کرنے کے لیے موٹر سائیکلوں، رکشوں اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے فی لیٹر 100 روپے تک ریلیف اسکیم شروع کی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.