تازہ ترین

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی فرانسیسی وزیر خارجہ سے نیویارک میں ملاقات،

0

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے حاشیے پر فرانس کے وزیر برائے یورپ و خارجہ امور جان نوئل باروٹ سے ملاقات کی ہے۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور فرانس کے دوطرفہ تعلقات کا تفصیلی جائزہ لیا اور علاقائی و عالمی پیشرفت پر خیالات کا تبادلہ کیا۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سیاسی رابطوں، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیمی روابط اور عوامی سطح پر تعلقات کو مضبوط بنا کر فرانس کے ساتھ روابط کو مزید گہرا کرنے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔

مسئلہ فلسطین اور فرانس کا اقدام: اسحاق ڈار نے دو ریاستی حل کی حمایت میں فرانس کی کوششوں، بالخصوص اسرائیلی بستیوں سے مصنوعات کی درآمد پر پابندی کے فیصلے کو سراہا۔

دونوں وزرا نے اس بات پر زور دیا کہ مسئلہ فلسطین عالمی ایجنڈے پر اعلیٰ ترجیح رہنا چاہیے اور اس کے عادلانہ، پائیدار و جامع حل کے لیے بین الاقوامی کوششیں جاری رہنی چاہییں۔

ایران کی صورتحال پر دونوں رہنماؤں نے سفارتی رابطوں اور بحران کے حل کے لیے علاقائی کوششوں پر زور دیا جبکہ ‘اسلام آباد معاہدے پر عملدرآمد کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

دونوں وزرا نے خطے کی معاشی صورتحال کے پیش نظر بحری آمدورفت کی حفاظت، آزادانہ نقل و حرکت اور توانائی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

فرانسیسی وزیر خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے علاقائی فورمز کے استعمال پر اتفاق کیا۔

اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے باہمی دلچسپی کے دوطرفہ اور علاقائی امور پر مسلسل رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.