پاکستان نیوی کی جاری بحری مشق سی اسپارک 2026 کے دوران چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے سمندر اور کریکس ایریا میں تعینات یونٹس کا دورہ کرکے آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔
مشق سی اسپارک 2026 یکم ستمبر سے جاری ہے، جس میں بحری آپریشنز کے مختلف پہلوؤں کی مشق کے ساتھ امن کے زمانے سے جنگی حالات میں تیزی سے منتقلی کی صلاحیت کو بھی جانچا جا رہا ہے۔
اس سال کی مشق میں جنگ کے بدلتے ہوئے انداز کو مدنظر رکھتے ہوئے انفارمیشن ماحول میں آپریشنز، ملٹی ڈومین آپریشنز اور بغیر پائلٹ نظام کے وسیع استعمال کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
دورے کے دوران نیول چیف نے مشق میں حصہ لینے والے افسران اور اہلکاروں سے ملاقات کی اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیت، بلند حوصلے اور آپریشنل تیاری کو سراہا۔
ایڈمرل نوید اشرف نے سمندر میں ملک کے دفاع کے لیے اہلکاروں کے عزم اور تیاری کو بھی سراہا۔