پی آئی اے کے اسٹاف یونیفارمز میں بڑی تبدیلی کی تیاری
کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے اسٹاف یونیفارمز کو نئے انداز میں پیش کرنے کے لیے نئے یونیفارم ڈیزائن شوکیس 2026 کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک کے معروف فیشن ڈیزائنرز نے اپنی تجاویز اور ڈیزائن پیش کیے۔
شوکیس میں معروف ڈیزائنرز نے کیبن کریو اور گراؤنڈ اسٹاف کے لیے ایسے یونیفارمز کے نمونے پیش کیے جن میں جدید فیشن کے ساتھ پی آئی اے کی شناخت، عملی ضرورت اور پاکستانی ثقافت کو نمایاں کرنے کی کوشش کی گئی۔
دستیاب معلومات کے مطابق شوکیس میں ماہین خان، ڈیپک اینڈ فہد، جنریشن، اسماعیل فرید، منیب نواز، ڈیپک پرونی، فراز منان، عامر عدنان، ایچ ایس وائی اور نومی انصاری سمیت 10 ڈیزائنرز نے حصہ لیا۔
ڈیزائنز میں پی آئی اے کی روایتی شناخت کو جدید انداز کے ساتھ پیش کیا گیا، جبکہ مختلف ڈیزائنرز کی تجاویز نے سوشل میڈیا پر بھی توجہ حاصل کی۔
پی آئی اے کی جانب سے جاری معلومات کے مطابق نئے لُک کا مقصد قومی ایئرلائن کے یونیفارمز کو موجودہ دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور اسٹاف کے لیے شناخت، فعالیت اور پیشہ ورانہ انداز کو بہتر انداز میں اجاگر کرنا ہے۔