تازہ ترین

ہونہار اور مستحق طلبہ کو میرٹ پر جدید تعلیم دینا حکومت کی ترجیح ہے: وزیراعظم

0

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کے باصلاحیت اور مستحق نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر معیاری اور جدید تعلیم کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ دانش یونیورسٹی کو جدید علوم، تحقیق اور ٹیکنالوجی کے حوالے سے ایک نمایاں تعلیمی ادارہ بنانے کا منصوبہ ہے۔

دانش یونیورسٹی کے قیام سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم کو منصوبے پر اب تک ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ یونیورسٹی ملک بھر کے ہونہار اور مستحق طلبہ کو عالمی معیار کی تعلیم اور جدید سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں طلبہ کا انتخاب ملک بھر سے میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا، جبکہ جدید تعلیمی، تحقیقی اور تکنیکی سہولیات کے ذریعے اسے ٹیکنالوجی اور جدید علوم کا اہم مرکز بنانے کی کوشش کی جائے گی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ تدریسی عملے کی مختلف آسامیوں کے لیے اب تک 185 درخواستیں موصول ہوچکی ہیں اور بہترین فیکلٹی کے انتخاب کا عمل جاری ہے۔

بریفنگ کے مطابق ایف ایس سی اور اے لیول کے دوسرے سال کے طلبہ کے لیے دانش یونیورسٹی کے آن لائن اسکول کا صلاحیتوں کی تلاش کا پروگرام شروع کردیا گیا ہے۔ منتخب طلبہ کو پانچ ماہ تک مکمل طور پر مفت آن لائن کلاسز فراہم کی جائیں گی۔

حکام کے مطابق آن لائن اسکول کے لیے داخلہ ٹیسٹ 24 اکتوبر 2026 کو ملک کے 40 سے زائد شہروں میں منعقد کیا جائے گا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ دانش یونیورسٹی کی عمارت آئندہ سال مکمل ہونے کی توقع ہے، جبکہ باقاعدہ تدریسی سرگرمیوں کا آغاز 20 ستمبر 2027 سے کیا جائے گا۔ اس سے قبل طلبہ کی تیاری کے لیے ایک تعارفی پروگرام 10 اگست سے 14 ستمبر 2027 تک جاری رہے گا۔

یونیورسٹی کے ابتدائی تعلیمی پروگراموں میں حیاتیاتی انجینئرنگ، برقی انجینئرنگ، مصنوعی ذہانت، کمپیوٹر سائنس، ٹیکنالوجی اور سماجی علوم شامل ہوں گے۔

اجلاس میں وفاقی وزرا احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، خالد مقبول صدیقی اور ڈاکٹر طارق فضل چودھری، رکن قومی اسمبلی اسامہ سرور، دانش یونیورسٹی کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے چیئرمین عارف سعید اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.