تازہ ترین

روس اور ایران پر مزید پابندیوں کا امریکی بل منظور

0

واشنگٹن: امریکا نے روس اور ایران پر مزید معاشی دباؤ بڑھانے کی جانب اہم قدم اٹھاتے ہوئے نئی پابندیوں سے متعلق قانون سازی کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد بل حتمی منظوری کے لیے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس پہنچ گیا ہے۔ امریکی ایوان نمائندگان نے بل کے حق میں 262 جبکہ مخالفت میں 159 ووٹ دیے۔

لنڈسے او گراہم روس اور ایران پابندیوں کا قانون 2026 کے نام سے موسوم یہ قانون سازی گزشتہ ماہ امریکی سینیٹ سے بھی 11 کے مقابلے میں 86 ووٹوں کی بھاری اکثریت سے منظور ہوچکی ہے۔

مجوزہ قانون کے تحت روسی حکام، ارب پتی شخصیات، ان کے اہلخانہ، روسی بینکوں اور مالیاتی اداروں سمیت ان غیر ملکی افراد کو بھی پابندیوں کا نشانہ بنایا جاسکے گا جو یوکرین جنگ میں روس کی معاونت کرتے ہیں یا امریکی پابندیوں سے بچنے میں مدد دیتے ہیں۔

قانون میں روس کے توانائی اور دفاعی شعبوں کے علاوہ پابندیوں سے بچنے کے لیے استعمال ہونے والے تیل بردار جہازوں کے خفیہ بیڑے کے خلاف بھی کارروائی کی گنجائش رکھی گئی ہے۔

بل کے تحت امریکی صدر کو ان ممالک سے درآمد ہونے والی اشیا پر 100 فیصد تک اضافی محصولات عائد کرنے کا اختیار دیا جاسکتا ہے جو بڑی مقدار میں روسی تیل یا گیس خریدتے ہیں یا روس کو پابندیوں سے بچنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

قانون سازی میں ایران کے توانائی اور دفاعی شعبوں سے متعلق پابندیوں کو مزید پانچ سال تک برقرار رکھنے کی بھی شق شامل ہے۔

بل کے حامیوں کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد روس کی جنگی سرگرمیوں کے لیے مالی وسائل محدود کرنا ہے، جبکہ بعض ارکانِ کانگریس نے صدر کو دیے جانے والے وسیع اختیارات اور ممکنہ معاشی اثرات پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

ایوان نمائندگان کی منظوری کے بعد اب بل صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دستخط کا منتظر ہے، جس کے بعد یہ قانون بن جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.