اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں آئندہ دنوں میں ہونے والے احتجاجی پروگراموں کے پیش نظر ریڈ زون میں سیکیورٹی انتظامات سخت کرتے ہوئے مختلف داخلی راستوں پر کنٹینرز رکھ دیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق حساس سرکاری عمارتوں اور اہم مقامات کی حفاظت کے لیے سیکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی بڑھا دی گئی ہے، جبکہ ریڈ زون کی جانب آنے جانے والے راستوں پر بھی نگرانی سخت کردی گئی ہے۔
جماعت اسلامی نے 20 ستمبر کو پٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف اسلام آباد میں دھرنے اور لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے، جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے بھی 27 ستمبر کو اسلام آباد میں احتجاج اور مارچ کا پروگرام دیا ہے۔
احتجاجی سرگرمیوں کے پیش نظر ڈی چوک، ایمبیسی روڈ اور دیگر اہم مقامات پر کنٹینرز پہنچائے گئے ہیں تاکہ حساس علاقوں میں مظاہرین کی رسائی کو محدود کیا جاسکے۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے حال ہی میں قرار دیا ہے کہ کسی سیاسی جماعت یا سرکاری عہدیدار کو وفاقی دارالحکومت میں شہریوں کی آزادانہ نقل و حرکت میں رکاوٹ ڈالنے یا سڑکیں بند کرنے کا قانونی اختیار حاصل نہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کے مطابق مزید سیکیورٹی اقدامات کیے جاسکتے ہیں، جبکہ ریڈ زون اور اس کے اطراف ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہونے کا امکان ہے۔